کاروار 4؍مئی (ایس او نیوز) عوام کی سہولت کے لئے حکومت کی طرف سے جاری مختلف اسکیموں سے مستفیض ہونے والے افراد کے ساتھ ضلع انچارج وزیر مسٹر آر وی دیشپانڈے کا رابطہ پروگرام "جن من" ،محکمہ پریس و رابطہ عامہ اور ضلع انتظامیہ کے تعاون سے 6مئی کو کاروار میں منعقد ہونے جارہا ہے۔
صبح 10.30بجے رنگا مندر میں منعقد ہونے والے اس پروگرام میں حکومت کی طرف سے جاری انّا بھاگیہ، کشیر بھاگیہ، کشیر دھارے،منس وینی،ودیا سری، بِدائی،کرشی بھاگیہ،پشو بھاگیہ، وستی بھاگیہ جیسی مختلف اسکیموں سے فائدہ اٹھانے والے افراد کے ساتھ وزیر موصوف کی گفتگو ہوگی۔
اس پروگرام کے سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ضلع ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول نے مختلف محکمہ جات کے افسران کے ساتھ میٹنگ کی اور بتایا کہ مختلف اسکیموں سے فائدہ اٹھانے والے منتخب افراد کو ہر تعلقہ سے ساتھ لے کر جن من پروگرام میں شریک ہونا ہے اور ہرطرح سے اس پروگرام کو کامیاب بنانا ہے۔ہر اسکیم کے ضمن میں مستفیض ہونے والے پانچ افراد کو ضلع انچارج وزیر کے ساتھ گفتگو کرنے کا موقع حاصل رہے گا۔